بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بغیر مذاکرات نہیں ہوسکتے: محمود خان اچکزئی

ژوب(نامہ نگار)اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بغیر حکومت سے مذاکرات نہیں ہوسکتے۔ژوب میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے محمود خان اچکزئی کا کہنا تھا کہ مسئلے کا حل چاہتے ہیں تو حکومت کو بانی پی ٹی آئی سے ہماری ملاقات کروانا ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ گارنٹی دیتے ہیں کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد تمام مسائل کے حل تک مذاکرات ختم نہیں ہوں گے۔ مسائل کے حل تک مذاکرات کا سلسلہ جاری رہے گا، بانی پی ٹی آئی جو کہیں گے، ہم وہی بات آگے پہنچائیں گے۔

محمود خان اچکزئی کا کہنا تھا کہ سیاسی بحران کا حل مذاکرات اور آئین کی بالادستی میں ہے، تمام سیاسی جماعتوں کو آئین کی بالادستی پر متفق ہونا چاہیے۔انہوں نے خبردار کیا کہ خیبر پختونخوا میں گورنر راج نافذ کیا گیا تو ملک کا ہر چوراہا بند کریں گے اور بھرپور مزاحمت کی جائے گی۔

اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں گورنر راج کسی صورت قبول نہیں کریں گے، گورنر راج نافذ کیا گیا تو ملک بھر میں احتجاج کیا جائے گا۔محمود خان اچکزئی نے مزید کہا کہ وہ شہباز حکومت کو تسلیم نہیں کرتے۔