برامپٹن(نمائندہ خصوصی)برامپٹن ساؤتھ سے رکنِ پارلیمنٹ سونیا سدھو نے کینیڈا کی پارلیمان کے بہاری اجلاس کے اختتام پر کہا ہے کہ اس اجلاس کے دوران خاندانوں کی معاونت، مقامی برادریوں کو مضبوط بنانے اور شہریوں کیلئےزندگی کو زیادہ قابلِ استطاعت بنانے کیلئے اہم پیش رفت کی گئی۔
سونیا سدھو نے کہا کہ وفاقی حکومت نے اس اجلاس کے دوران ایسے متعدد اقدامات کیے جن کا مقصد مہنگائی کے اثرات کم کرنا، عوامی تحفظ بہتر بنانا اور ملکی معیشت کو مزید مستحکم بنانا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ہماری توجہ برامپٹن ساؤتھ کے خاندانوں کو حقیقی اور مؤثر سہولتیں فراہم کرنے پر رہی۔ ہم نے برادریوں کو محفوظ بنانے، بڑھتی ہوئی مہنگائی سے نمٹنے میں مدد دینے اور طویل المدتی معاشی ترقی کے مواقع پیدا کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ پارلیمان کے اجلاس کے دوران کئی اہم قوانین منظور کیے گئے، جن میں بل سی-14 کے تحت ضمانت کے قوانین مزید سخت کیے گئے اور بار بار سنگین جرائم کے مرتکب افراد کے خلاف اقدامات کو مضبوط بنایا گیا تاکہ عوامی تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
بل سی-16 کے ذریعے جرائم سے متاثرہ افراد اور متاثرین کیلئےقانونی تحفظ میں اضافہ کیا گیا اور انہیں معاونت تک بہتر رسائی فراہم کرنے کے اقدامات کیے گئے تاکہ ان کی آواز کو مؤثر انداز میں سنا اور اس کا احترام کیا جا سکے۔
بل سی-19 کے تحت کم اور متوسط آمدنی والے کینیڈین خاندانوں کو اشیائے خورونوش اور ضروری سامان کی بڑھتی ہوئی قیمتوں سے نمٹنے کیلئےہدفی مالی معاونت فراہم کرنے کی منظوری دی گئی۔
بل سی-15 اور سی-30 کے ذریعے روزگار، چھوٹے کاروبار، صحت کے شعبے اور بنیادی ڈھانچے میں سرمایہ کاری کے اقدامات منظور کیے گئے تاکہ معیشت کو طویل مدت کیلئے مستحکم بنایا جا سکے۔
اسی طرح بل سی-20 کے تحت رہائشی منصوبوں کی تعمیر میں تیزی لانے اور برامپٹن سمیت مختلف علاقوں میں سستے گھروں تک رسائی بہتر بنانے کیلئےاقدامات کیے گئے۔
سونیا سدھو نے کہا کہ اگرچہ پارلیمان کا اجلاس موسمِ گرما کیلئےملتوی ہو گیا ہے، تاہم وہ گرمیوں کے دوران بھی برامپٹن ساؤتھ کے رہائشیوں، سماجی تنظیموں اور مقامی رہنماؤں سے مسلسل رابطے میں رہیں گی۔
انہوں نے کہا، “میں اس موسمِ گرما میں برادری کے درمیان وقت گزارنے، شہریوں کی آراء سننے، مقامی اقدامات کی حمایت کرنے اور برامپٹن ساؤتھ کے عوام کے اہم مسائل کی مؤثر انداز میں نمائندگی جاری رکھنے کی منتظر ہوں۔ ہم مل کر ایک محفوظ، زیادہ قابلِ استطاعت اور سب کیلئےمساوی مواقع پر مبنی مستقبل کی تعمیر جاری رکھیں گے۔”

