برامپٹن: موسم خزاں کےتعطیلاتی کیمپس کیلئے رجسٹریشن 24 اگست سے شروع ہوگی

برامپٹن (نمائندہ خصوصی) سٹی آف برامپٹن نے اعلان کیا ہے کہ 2026 کے موسم خزاں کے تفریحی پروگراموں اور سرمائی تعطیلاتی کیمپس کیلئے رجسٹریشن 24 اگست سے شروع ہوگی، جبکہ تمام پروگراموں کی تفصیلات 10 اگست سے آن لائن دیکھی جاسکیں گی۔

اعلامیے کے مطابق زیادہ تر خزاں کے پروگراموں، سرمائی تعطیلاتی کیمپس اور برامپٹن اسپورٹس لیگ کے خزاں کے سیشن کیلئے رجسٹریشن 24 اگست صبح 7 بجے شروع ہوگی، جبکہ تیراکی اور اسکیٹنگ سیکھنے کے پروگراموں کیلئے رجسٹریشن 9 ستمبر صبح 7 بجے شروع کی جائے گی۔ خزاں کے تمام پروگرام 21 ستمبر سے 13 دسمبر تک جاری رہیں گے، جبکہ سرمائی تعطیلاتی کیمپس 21 سے 31 دسمبر تک منعقد ہوں گے۔

سٹی آف برامپٹن کے مطابق مختلف عمر، دلچسپی اور صلاحیتوں کے افراد کیلئے سیکڑوں پروگرام پیش کیے جارہے ہیں، جن میں کھیل، تفریح، تخلیقی سرگرمیاں اور مختلف مہارتیں سیکھنے کے مواقع شامل ہیں۔

برامپٹن ریکریشن کی جانب سے 11 اگست سے نئے گفٹ کارڈز بھی متعارف کرائے جارہے ہیں۔ جسمانی اور ڈیجیٹل دونوں اقسام کے گفٹ کارڈز تفریحی پروگراموں، کیمپس، رکنیت، اسباق اور دیگر منظور شدہ خدمات کے لیے استعمال کیے جاسکیں گے۔ جسمانی گفٹ کارڈ کم از کم 10 ڈالر میں دستیاب ہوگا، جبکہ دونوں اقسام میں ضرورت کے مطابق رقم شامل کی جاسکے گی۔

برامپٹن میں موسم خزاں کے تفریحی سیزن کے آغاز کے سلسلے میں اسپورٹس ڈے 22 اگست کو صبح 10 بجے سے شام 4 بجے تک کیسی کیمبل کمیونٹی سینٹر میں منعقد ہوگا۔ مفت خاندانی تقریب میں 14 مقامی کھیلوں کی تنظیمیں شرکت کریں گی، جہاں شہری مختلف کھیلوں کے پروگراموں کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کے ساتھ عملی سرگرمیوں میں بھی حصہ لے سکیں گے۔

18 سال اور اس سے زائد عمر کے افراد کیلئےبرامپٹن اسپورٹس لیگ کے خزاں 2026 سیزن میں بیڈمنٹن، بال ہاکی، باسکٹ بال، فلیگ فٹبال، پکلبال اور والی بال شامل ہوں گے۔ شرکاء ٹیم کی صورت میں یا انفرادی طور پر رجسٹریشن کراسکیں گے، جبکہ تمام مہارت رکھنے والے افراد کو شرکت کا موقع دیا جائے گا۔

برامپٹن ٹف رن 26 ستمبر کو چنگواکی پارک میں منعقد ہوگا، جہاں 5 کلومیٹر کا رکاوٹوں پر مشتمل مقابلہ ہوگا۔ تقریب کی 10ویں سالگرہ کے موقع پر خاندان اور دوستوں کے لیے مفت تفریحی زون بھی قائم کیا جائے گا، جبکہ رجسٹریشن 25 ستمبر تک جاری رہے گی۔

سٹی آف برامپٹن کے سرمائی تعطیلاتی کیمپس میں 4 سے 14 سال عمر کے بچوں کیلئےمختلف تفریحی، تخلیقی اور جسمانی سرگرمیوں کا اہتمام کیا جائیگا ،خصوصی ضروریات رکھنے والے بچوں کیلئے جامع کیمپس بھی دستیاب ہونگے.

شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ رجسٹریشن سے قبل اپنا برامپٹن ریکریشن اکاؤنٹ چیک کریں، رہائشی حیثیت کی تصدیق مکمل کریں، ادائیگی کے لیے کریڈٹ کارڈ کی معلومات محفوظ کریں اور مطلوبہ پروگرام پہلے سے تلاش کرکے ان کے شناختی نمبرز نوٹ کرلیں۔

برامپٹن کے رہائشی ہر دو سال بعد اپنی رہائش کی دوبارہ تصدیق کراکر ترجیحی رجسٹریشن اور رہائشی رعایتی نرخوں سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ کم آمدنی والے اہل افراد اور خاندانوں کیلئےایکٹو اسسٹ پروگرام کے تحت 275 ڈالر کا ریکریشن کریڈٹ بھی دستیاب ہے۔رجسٹریشن یا مزید معلومات کیلئے شہری برامپٹن ریکریشن سینٹر سے رابطہ کرسکتے ہیں یا سٹی آف برامپٹن کی ویب سائٹ سے تفصیلات حاصل کرسکتے ہیں۔