برسلز (بیلجیم فٹبال ایسوسی ایشن، بین الاقوامی میڈیا)بیلجیم فٹبال ایسوسی ایشن نے امریکی کھلاڑی فولارین بیلوگن کو کھیلنے کی اجازت دینے سے متعلق فیفا کے فیصلے کو باضابطہ طور پر چیلنج کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
ایسوسی ایشن کے بیان کے مطابق فیفا نے کھلاڑی کی معطلی ختم کرنے کے فیصلے کی کوئی واضح قانونی یا انتظامی وضاحت فراہم نہیں کی، جبکہ وضاحت طلب کرنے کے لیے بھیجے گئے خط کو باقاعدہ اپیل قرار دے دیا گیا۔
بیان میں کہا گیا کہ اپیل کے عمل کو مکمل کرنے کے لیے صرف چند گھنٹوں کی مہلت دی گئی، جسے غیر منصفانہ قرار دیا گیا ہے۔ ایسوسی ایشن کا مؤقف ہے کہ فیفا نے میچ رابطہ اجلاس کی دستاویزات سے کھلاڑیوں کی خودکار معطلی سے متعلق حصہ بھی حذف کر دیا، جبکہ معطلی ختم کرنے کے فیصلے کی نقل بھی فراہم نہیں کی گئی۔
بیلجیم فٹبال ایسوسی ایشن نے اعلان کیا کہ وہ امریکا کے خلاف میچ میں فولارین بیلوگن کی اہلیت کو باضابطہ طور پر چیلنج کرے گی اور اس معاملے پر قانونی کارروائی جاری رکھے گی۔
بیان میں کہا گیا کہ یہ قانونی جدوجہد اخلاقیات، شفافیت اور منصفانہ مقابلے کے اصولوں کے تحفظ کے لیے کی جا رہی ہے اور میچ کے نتیجے سے قطع نظر اس معاملے کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔
ایسوسی ایشن نے مزید کہا کہ اسے فیفا کے طرزِ عمل پر شدید تشویش ہے اور وہ فٹبال میں شفافیت، انصاف اور یکساں قوانین کے نفاذ کے لیے اپنی آواز بلند کرتی رہے گی۔

