برسلز: سفارتخانۂ پاکستان میں 79ویں یومِ آزادی کی پروقار تقریب

برسلز (رانا فلک شیر سے) یورپی دارالحکومت برسلز میں پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی کے موقع پر سفارتخانۂ پاکستان میں پرچم کشائی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں پاکستانی کمیونٹی کے مرد و خواتین، بچوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

قومی ترانے کی دھن پر سفیرِ پاکستان رحیم حیات قریشی نے قومی پرچم لہرایا، جبکہ شرکاء نے پاکستان کی آزادی کے تاریخی دن کو ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا۔

تقریب میں صدرِ پاکستان، وزیراعظم پاکستان اور وزیرِ خارجہ کے خصوصی پیغامات بھی پڑھ کر سنائے گئے، جن میں ملکی ترقی، قومی اتحاد، خوشحالی اور بیرونِ ملک پاکستانیوں کے کردار کو اجاگر کیا گیا۔

اس موقع پر سفیرِ پاکستان رحیم حیات قریشی نے اپنے خطاب میں قیامِ پاکستان کے لیے جدوجہد اور قربانیاں دینے والے رہنماؤں اور عوام کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا مستقبل قومی اتحاد، جمہوری استحکام اور ترقی کے عزم سے وابستہ ہے۔ انہوں نے بیرونِ ملک پاکستانیوں کی خدمات کو بھی سراہا۔

تقریب کے دوران پاکستانی پرچموں، ملی نغموں اور قومی جذبے سے بھرپور ماحول نے جشنِ آزادی کی رونق دوبالا کردی، جبکہ بچوں اور نوجوانوں کی بھرپور شرکت نے تقریب کو مزید خوبصورت بنا دیا۔

شرکاء نے کہا کہ دیارِ غیر میں یومِ آزادی کی ایسی تقریبات پاکستانیوں کو اپنی قومی شناخت، ثقافت اور وطن سے محبت کے اظہار کا موقع فراہم کرتی ہیں۔تقریب کے اختتام پر پاکستان کی سلامتی، ترقی، خوشحالی اور استحکام کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔