برٹش کولمبیامیں تیرتا جزیرہ غائب ہونے کے بعد دوبارہ مل گیا

برٹش کولمبیا(بی بی سی نیوز)کینیڈا کے صوبے برٹش کولمبیا میں ایک چھوٹا سا تیرتا ہوا جنگلاتی جزیرہ سیٹلائٹ تصاویر سے غائب ہونے کے چند ہفتے بعد دوبارہ مل گیا۔

یہ جزیرہ صوبے کی سب سے بڑی میٹھے پانی کی جھیل ولیسٹن ریزروائر کے درمیان اگست کے آغاز میں کشتی سواروں نے دیکھا تھا۔ بعد میں 21 جولائی کی سیٹلائٹ تصویر سے بھی اس کی موجودگی کی تصدیق ہوئی، تاہم 5 اگست کی نئی تصویر میں جزیرہ اپنی جگہ سے غائب نظر آیا۔

بی سی ہائیڈرو کے ترجمان باب گیمر کے مطابق جزیرہ غالباً پانی میں بہتے ہوئے ساحل کے قریب جا پہنچا، جہاں اسے پہلی جگہ سے تقریباً 30 کلومیٹر دور دوبارہ دیکھا گیا۔ پائلٹس کی مشاہداتی اطلاعات اور نئی سیٹلائٹ تصویر سے بھی اس کی موجودگی کی تصدیق ہوئی ہے۔

بی سی ہائیڈرو کے اندازے کے مطابق جزیرے کا رقبہ تقریباً 9800 مربع میٹر ہے، جو ایک کینیڈین فٹ بال گراؤنڈ یا تقریباً ڈیڑھ امریکی فٹ بال گراؤنڈ کے برابر ہے۔

حکام کا خیال ہے کہ یہ جزیرہ کئی سال کے دوران پانی میں جمع ہونے والی لکڑی اور پودوں سے بنا، جن کی جڑوں نے اسے ایک تیرتے ہوئے زمینی حصے کی شکل دے دی۔ امکان ہے کہ رواں موسم گرما میں پانی کی سطح بلند ہونے کے باعث یہ ساحل سے الگ ہوگیا۔

بی سی ہائیڈرو نے خبردار کیا ہے کہ جزیرہ مستحکم نہیں اور اس پر قدم رکھنے کی کوشش خطرناک ہوسکتی ہے۔ باب گیمر نے کہا کہ یہ اچانک ٹوٹ کر بکھر سکتا ہے، اسلئے لوگوں کو جزیرے سے دور رہنا چاہیے۔