کوئٹہ( آئی ایس پی آر)چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کا امن، خوشحالی اور فلاح و بہبود ریاستی کوششوں کا مرکزی محور ہے، مستحکم اور محفوظ ماحول صوبے میں ترقیاتی منصوبوں اور معاشی مواقع کو فروغ دینے میں معاون ثابت ہوتا رہے گا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ہفتے کو کوئٹہ گیریژن کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے فیلڈ فارمیشنز کے کمانڈرز اور کمانڈنگ افسران سے ملاقات کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقع پر فیلڈ مارشل کو بلوچستان کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال اور آپریشنل تیاریوں پر بریفنگ دی گئی۔ انہیں صوبے میں امن و استحکام برقرار رکھنے کیلئےجاری اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو ادارہ جاتی رابطہ کاری اور بلوچستان کی سماجی و اقتصادی ترقی کیلئے معاونت سے متعلق امور پر بھی جامع بریفنگ دی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے فوجی جوانوں کی اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیت، آپریشنل تیاری اور بے لوث عزم کو سراہا۔ انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور دیگر ریاستی اداروں کے درمیان مسلسل رابطہ کاری کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کا امن، خوشحالی اور فلاح و بہبود ریاستی کوششوں کا مرکزی محور ہے۔ مستحکم اور محفوظ ماحول صوبے میں ترقیاتی منصوبوں اور معاشی مواقع کو فروغ دینے میں معاون ثابت ہوتا رہے گا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور افسران و جوانوں کی اپنے فرائض کی ادائیگی میں ثابت قدمی اور لگن کو سراہا۔کوئٹہ آمد پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا استقبال کور کمانڈر کوئٹہ نے کیا۔

