بونی کرومبی کی ٹورنٹو سب وے کو مِسی ساگا کے سٹی سنٹر تک توسیع کی تجویز

مِسی ساگا (نمائندہ خصوصی) مِسی ساگا میں ٹرانزٹ نظام کو وسعت دینے کیلئے میئر کی امیدوار بونی کرومبی نے ٹورنٹو کی لائن 2 سب وے کو مِسی ساگا کے سٹی سنٹر تک توسیع دینے کی تجویز پیش کردی۔بونی کرومبی کے منصوبے کے مطابق سب وے لائن کو کپلنگ اسٹیشن سے آگے بڑھا کر شیروے گارڈنز کے راستے مِسی ساگا کے ڈاؤن ٹاؤن اور اسکوائر ون تک لایا جائے گا۔

بونی کرومبی نے کہا کہ اس منصوبے سے مِسی ساگا کے شہری براہِ راست سب وے کے ذریعے ٹورنٹو جا سکیں گے۔انہوں نے کہا کہ اگر وہ مِسی ساگا کی میئر منتخب ہوئیں تو وہ اونٹاریو کے وزیرِاعلیٰ ڈگ فورڈ سے منصوبے کیلئے صوبائی فنڈنگ حاصل کرنے کی کوشش کریں گی۔

میئر کے امیدوار ایلون ٹیڈجو کی انتخابی مہم نے بھی سب وے توسیع کی تجویز کو قابلِ غور قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسے عملی شکل دینے کیلئے صوبائی حکومت کے تعاون اور ضروری فنڈنگ کی ضرورت ہوگی۔

دوسری جانب میئر کی امیدوار ڈپیکا ڈامیرلا نے لیک شور کے ساتھ سطحی سب وے کی حمایت کی ہے۔ ان کے مطابق برائٹ واٹر اور لیک ویو ولیج سمیت اس علاقے میں تیزی سے ترقی ہو رہی ہے اور مستقبل میں یہاں ٹرانزٹ کی اضافی گنجائش درکار ہوگی۔