ریاض (سعودی اتحاد، رائٹرز، اے پی) سعودی اتحاد نے کہا ہے کہ سعودی فضائی دفاع نے ریاض کی جانب حوثیوں کی جانب سے داغا گیا بیلسٹک میزائل فضا میں ہی تباہ کردیا جبکہ بیش، طائف، فرسان اور ینبع میں شہریوں اور شہری تنصیبات کو نشانہ بنانے کی متعدد کوششیں بھی ناکام بنا دی گئیں۔
سعودی اتحاد کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی کے مطابق سعودی فضائی دفاع نے ہفتے کی صبح ریاض کی جانب داغا گیا بیلسٹک میزائل روک کر تباہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ حوثیوں نے ریاض سمیت دیگر سعودی شہروں میں شہریوں اور شہری تنصیبات کو نشانہ بنانے کی کوشش کی، تاہم تمام حملے سعودی فضائی دفاع نے ناکام بنا دیے۔
سعودی حکام کے مطابق حوثیوں نے بیش، طائف، فرسان اور ینبع میں بھی شہری علاقوں اور شہری تنصیبات کو نشانہ بنانے کی کوشش کی، جنہیں فضائی دفاع نے ناکام بنا دیا۔ ان حملوں کے نتیجے میں ان مقامات پر کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں دی گئی۔
دوسری جانب حوثیوں نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے ریاض میں حساس اہداف اور بحیرہ احمر کے ساحلی شہر ینبع میں سعودی آرامکو کی تنصیبات کو میزائلوں اور ڈرونز سے نشانہ بنایا۔ حوثی فوجی ترجمان یحییٰ سریع کے مطابق ریاض پر بڑی تعداد میں بیلسٹک اور کروز میزائلوں کے علاوہ ڈرونز سے حملہ کیا گیا، تاہم ان دعوؤں کی آزادانہ تصدیق نہیں ہوئی۔
رائٹرز کے مطابق ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب سیاہ دھویں کا بڑا بادل دیکھا گیا، جبکہ سعودی شہری دفاع نے ریاض اور الخرج سمیت متعدد علاقوں میں خطرے کے انتباہات جاری کیے اور بعد ازاں خطرہ ٹلنے کا اعلان کیا۔
یہ حملے ایسے وقت میں ہوئے ہیں جب سعودی عرب اور حوثیوں کے درمیان لڑائی میں حالیہ دنوں میں دوبارہ شدت آئی ہے۔ اس سے قبل 14 ستمبر کو خمیس مشیط، ابہا اور طائف پر حوثیوں کے میزائل اور ڈرون حملوں میں 13 شہری زخمی اور 7 مکانات اور 2 گاڑیوں کو نقصان پہنچا تھا۔

