بیونس آئرس (ٹی وائے سی اسپورٹس، اولے، ای ایس پی این) ارجنٹینا کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر لیونل میسی نے بین الاقوامی فٹبال سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کر لیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق میسی آئندہ چند ماہ تک ارجنٹینا کی قومی ٹیم کی نمائندگی جاری رکھیں گے تاکہ ٹیم کو منتقلی کے مرحلے میں وقت مل سکے، تاہم وہ مستقبل میں کسی اور فیفا ورلڈ کپ میں شرکت نہیں کریں گے۔
رپورٹس کے مطابق 39 سالہ میسی نے 2026ء فیفا ورلڈ کپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 8 گول کیے اور 4 گول کرانے میں مدد دی، جس کے باعث وہ ٹورنامنٹ کے دوسرے نمایاں گول اسکورر رہے۔ اسپین کے ہاتھوں فائنل میں شکست کے بعد انہوں نے اپنے مستقبل کے بارے میں فوری اعلان نہیں کیا تھا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ارجنٹینا فٹبال ایسوسی ایشن میسی کے اعزاز میں خصوصی الوداعی میچ کے انعقاد کی منصوبہ بندی کر رہی ہے تاکہ شائقین اپنے عظیم ترین کھلاڑی کو خراجِ تحسین پیش کر سکیں۔
لیونل میسی کے بین الاقوامی کیریئر میں ارجنٹینا نے ان کی قیادت میں 2021ء کا کوپا امریکا، 2022ء کی فائنلسیما، 2022ء کا فیفا ورلڈ کپ اور 2024ء کا کوپا امریکا جیتا، جبکہ 2026ء فیفا ورلڈ کپ کے فائنل تک بھی رسائی حاصل کی۔
رپورٹس کے مطابق میسی کی بین الاقوامی فٹبال سے رخصتی کے موقع پر ان کے شاندار کیریئر کے اعزاز میں تاریخی الوداعی تقریب بھی منعقد کیے جانے کا امکان ہے۔

