بیروت ( رائٹرز، اے ایف پی) جنوبی لبنان میں اسرائیلی فوج نے حزب اللہ کی جانب سے ڈرون حملے کا دعویٰ کرتے ہوئے مختلف علاقوں پر فضائی حملے کیے، جن کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق اور 20 زخمی ہوگئے۔
عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی طیاروں نے جنوبی لبنان کے قصبے عرب سالم اور نبطیہ الفوقا سمیت مختلف علاقوں کو نشانہ بنایا۔ عرب سالم میں ایک گھر پر کیے گئے حملے میں 2 خواتین جاں بحق ہوئیں، جبکہ نبطیہ الفوقا میں ایک اور حملے میں 2 افراد جان سے گئے۔
حملوں سے قبل اسرائیلی فوج نے عرب سالم کے رہائشیوں کو ایک عمارت اور اس کے اطراف کا علاقہ خالی کرنے کی ہدایت کی۔ اسرائیلی فوج کے مطابق مذکورہ عمارت حزب اللہ کی تنصیب کے طور پر استعمال کی جارہی تھی اور علاقے میں کارروائی سے قبل مکینوں کو کم از کم 300 میٹر دور منتقل ہونے کا حکم دیا گیا۔
اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ حزب اللہ نے جنوبی لبنان میں اسرائیلی فوجیوں کو نشانہ بناتے ہوئے 2 دھماکا خیز ڈرون بھیجے، جن میں سے ایک کو مار گرایا گیا، جبکہ حملے میں کسی اسرائیلی فوجی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔
اسرائیلی فوج نے ڈرون حملے کو جنگ بندی کی ’’کھلی خلاف ورزی‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ جنوبی لبنان میں کیے گئے فضائی حملے اسی کے جواب میں ہیں۔ حزب اللہ کی جانب سے فوری طور پر اسرائیلی الزامات پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔
لبنانی وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی حملوں میں خواتین اور 3 بچوں سمیت 20 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ یہ کارروائیاں ایسے وقت میں ہوئی ہیں جب اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان جنگ بندی کے باوجود جنوبی لبنان میں وقفے وقفے سے جھڑپیں اور اسرائیلی حملے جاری ہیں۔

