ایونٹ میں ایران پہلی،کوریا دوسری جبکہ قازقستان نے تیسری پوزیشن حاصل کی،پومزے میں پاکستان فاتح رہا
عالمی تائیکوانڈو پریذیڈنٹ کپ ایشیا ریجن 2026،مقابلے اختتام پذیر ہوئے جن۔میں ایران نے پہلی،کوریا نے دوسری اورقازقستان نے تیسری پوزیشن اپنے نام کی، پومزے میں پاکستان فاتح رہا۔جناح سپورٹس کمپلیکس لاہور کینٹ میں کھیلی جانے والے ٹریٹ ورلڈ تائیکوانڈو پریذیڈنٹ کپ سینئر کیوروگی کی 16ویٹ کیٹگریز میں ایران نے سات گولڈ، ایک سلور اور 8 برانز میڈلز کے ساتھ پہلی پوزیشن اپنے نام کی۔

کوریا نے پانچ گولڈ، چار سلور اور چھ برانز میڈلز کے ساتھ دوسری جبکہ قازقستان نے دو گولڈ اور تین برانز میڈلز کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔ دیگر ممالک میں ازبکستان نے چوتھی، تھائی لینڈ نے پانچویں، اردن نے چھٹی، سعودی عرب نے ساتویں، روس نے آٹھویں جبکہ پاکستان نویں نمبر پر رہا۔
پومزے کیٹگری میں پاکستان نے تین گولڈ، تین سلور اور 9 برانز میڈلز کے ساتھ پہلی پوزیشن اپنے نام کی۔ کوریا نے تین گولڈ اور ایک سلور کے ساتھ دوسری جبکہ ایران نے ایک گولڈ، تین سلوراورتین برانز میڈلز کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔

افغانستان چوتھے، مصر نے پانچویں جبکہ سری لنکا نے چھٹی پوزیشن حاصل کی۔ ایونٹ کے آخری روزپیرا اتھلیٹ کے بھی مقابلے ہوئے. ایونٹ کے اختتام پر رنگا رنگ ثقافتی شو بھی پیش کیا گیا جسے ملکی و غیر ملکی مہمانوں نے خوب سراہا۔

