حزبِ اختلاف میں بیٹھی جماعتوں نے مشترکہ اپوزیشن کے قیام پر اتفاق کرلیا : فضل الرحمان

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ حزبِ اختلاف میں بیٹھی جماعتوں نے مشترکہ اپوزیشن کے قیام پر اتفاق کرلیا ہے، جس کے تحت مشترکہ حکمتِ عملی اختیار کی جائے گی اور مشترکہ نکات پر مل کر آگے بڑھا جائے گا۔

اسلام آباد میں متحدہ اپوزیشن کے رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف محمود خان اچکزئی نے آج کے دن کو مبارک دن قرار دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں اس وقت امن و امان کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے، آج مشترکہ اپوزیشن کے سفر کا پہلا قدم ہے اور اسی سے آگے کا سفر شروع کررہے ہیں۔قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی نے کہا کہ دعا ہے پاکستان کی بہتری ہو اور ملک ترقی کرے۔

پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پارلیمنٹ میں اپوزیشن جماعتوں کا اہم اجلاس تین گھنٹے جاری رہا، جس میں تمام جماعتوں نے اپنی تجاویز پیش کیں۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں نے فیصلہ کیا ہے کہ پارلیمنٹ میں اتفاقِ رائے سے قانون سازی کے معاملے پر یکساں مؤقف اختیار کیا جائے گا۔

سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر علامہ ناصر عباس نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان سے متعلق سپریم کورٹ نے انہیں شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے کا حکم دیا تھا۔مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کے درمیان اتفاقِ رائے کو عملی شکل دیتے ہوئے مشترکہ نکات پر یکساں حکمتِ عملی اختیار کی جائے گی۔