حکومت بلوچستان کا ڈاکٹر ماہ نور ناصر کے بیرونِ ملک علاج کا فیصلہ

کوئٹہ(نامہ نگار)بلوچستان حکومت نے کوئٹہ کے سول اسپتال میں تیزاب گردی کے واقعے میں زخمی ہونے والی ڈاکٹر ماہ نور ناصر کے مزید علاج کیلئےانہیں بیرون ملک بھجوانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان کے معاون شاہد رند نے بتایا کہ ڈاکٹر ماہ نور کو خصوصی طبی علاج کیلئے امریکا بھیجا جائیگا جبکہ اس سلسلے میں ضروری انتظامات اور سرکاری کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک علاج کی منظوری وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے دی ہے۔

شاہد رند کے مطابق ڈاکٹر ماہ نور کا علاج فی الحال کراچی کے ایک نجی اسپتال میں جاری ہے، جہاں وہ مزید ایک ہفتے تک زیر علاج رہیں گی، جس کے بعد انہیں بیرون ملک منتقل کرنے کے اقدامات مکمل کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان متاثرہ ڈاکٹر کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کرنے کیلئےتمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے تاکہ ان کا مکمل اور معیاری علاج یقینی بنایا جا سکے۔