خیبر پختونخوا حکومت کادھماکا خیز مواد استعمال کرنے والی کانیں فوری بند کرنے کا حکم

پشاور(نامہ نگار) خیبر پختونخوا حکومت نے دھماکا خیز مواد استعمال کرنے والی تمام کانوں کو فوری طور پر بند کرنے کا حکم دے دیا ہے۔صوبائی محکمہ داخلہ نے اس حوالے سے تمام اضلاع کو فوری کارروائی اور احکامات پر عمل درآمد کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

محکمہ داخلہ کے مطابق دھماکا خیز مواد استعمال کرنے والی تمام کانوں کی ضلع وار فہرست طلب کر لی گئی ہے، جبکہ ایسی تمام کانوں کو ریڈ لسٹ میں شامل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔حکام نے دھماکا خیز مواد استعمال نہ کرنے والی نرم چٹانوں کی کانوں کو گرین لسٹ میں شامل کرنے کے بھی احکامات جاری کیے ہیں۔

محکمہ داخلہ کے مطابق تمام اضلاع سے ریڈ لسٹ اور گرین لسٹ پر مشتمل رپورٹس فوری طلب کر لی گئی ہیں۔محکمہ داخلہ نے دھماکا خیز مواد اور یوریا کی خرید و فروخت، نقل و حمل اور استعمال پر سخت نگرانی کی ہدایت بھی جاری کی ہے۔

اس کے علاوہ تمام اضلاع سے یوریا ڈیلرز کی مکمل ضلع وار فہرست طلب کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو مطلوبہ رپورٹس اور فہرستیں فوری جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ محکمہ داخلہ کے مطابق رپورٹس موصول ہونے کے بعد مزید کارروائی کے لیے انہیں متعلقہ حکام کو ارسال کیا جائے گا۔