بنوں(نامہ نگار+پولیس)خیبر پختونخوا کے مختلف شہروں بنوں، ضلع خیبر اور تخت بھائی میں فائرنگ اور مسلح تصادم کے مختلف واقعات میں 6 افراد جاں بحق اور ایک شخص زخمی ہوگیا۔
بنوں کے علاقے خنی کلہ میں میر یان پولیس اسٹیشن کی حدود میں مسلح افراد نے پرانی دشمنی کی بنیاد پر گھر میں گھس کر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں 7 سالہ نوید اور 16 سالہ اقصیٰ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔
اطلاع ملنے پر پولیس ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور دونوں لاشوں کو اسپتال منتقل کیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں، جبکہ ملزمان فائرنگ کے بعد فرار ہوگئے۔
دوسرا واقعہ تخت بھائی کے علاقے شیر گڑھ کی کسٹم اتحاد کالونی میں پیش آیا، جہاں پرانی دشمنی کے باعث ملزمان نے دو افراد پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں دونوں جاں بحق ہوگئے۔ ریسکیو 1122 کی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر لاشیں اسپتال منتقل کردیں۔
ادھر ضلع خیبر کی تحصیل جمرود میں زمین کے تنازع پر دو گروپوں کے درمیان خونریز تصادم ہوا، جس کے دوران فائرنگ کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق اور ایک شخص زخمی ہوگیا۔اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور جاں بحق افراد اور زخمی کو اسپتال منتقل کردیا۔ پولیس نےمقدمات درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی ہیں۔

