ماسکو (رائٹرز، اے ایف پی) روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے کہا ہے کہ پوری دنیا ایرانی قوم کی ہمت، بہادری اور استقامت کو سراہ رہی ہے۔ انہوں نے یہ بات ماسکو میں بین الاقوامی ماہرین کے والڈائی ڈسکشن کلب کے اجلاس سے خطاب کے دوران کہی۔
ولادیمیر پیوٹن نے کہا کہ دنیا موجودہ واقعات پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور ایرانی عوام کی ہمت، بہادری اور ثابت قدمی کو سراہ رہی ہے۔
روسی صدر نے بالٹک خطے میں واقع روسی علاقے کیلینن گراڈ کے حوالے سے کہا کہ اگر روسی سرزمین پر براہِ راست حملہ ہوا تو روس کے پاس موجود تمام ہتھیاروں کے استعمال کا معاملہ فوری طور پر زیر غور آئے گا۔
انہوں نے کہا کہ روس کسی ملک پر حملہ کرنے کا ارادہ نہیں رکھتا، تاہم اپنی سرزمین کے خلاف جارحیت کی صورت میں جواب دے گا۔ پیوٹن نے کہا کہ بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں کے استعمال کے امکان کو مکمل طور پر مسترد نہیں کیا جاسکتا اور ایسے منظرنامے کو روکنے کی ضرورت ہے۔

