کراچی(سپورٹس ڈیسک)پاکستان ویمن ٹیم نے دوسرے ون ڈے میچ میں زمبابوے ویمن کو 206 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے کر نئی تاریخ رقم کر دی، یہ رنز کے اعتبار سے پاکستان ویمن کی سب سے بڑی فتح ہے۔نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان ویمن نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 343 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے اوپنرز گل فیروزہ اور صدف شمس نے پہلی وکٹ پر شاندار 189 رنز کی شراکت قائم کی۔ گل فیروزہ 100 رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں جبکہ صدف شمس نے 101 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔صدف شمس ویمنز ون ڈے کرکٹ میں مسلسل چار اننگز میں ففٹی پلس اسکور کرنے والی پہلی پاکستانی کھلاڑی بھی بن گئیں۔صدرہ امین نے بھی ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 59 رنز ناٹ آؤٹ اسکور کیے۔
343 رنز کے ہدف کے تعاقب میں زمبابوے ویمن کی پوری ٹیم 137 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ پسی پنوڈیا 33 اور متنگ وندو 29 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں۔پاکستان کی جانب سے کپتان فاطمہ ثناء نے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ عروب شاہ، مومنہ ریاست اور رامین شمیم نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔پاکستان اور زمبابوے ویمن کے درمیان جاری ون ڈے سیریز کے میچز پاکستان کے پہلے اسپورٹس چینل جیو سوپر پر براہِ راست نشر کیے جا رہے ہیں۔

