دہشت گردی کا خاتمہ پہلی ترجیح، امن و ترقی پر توجہ ہے:گورنر خیبر پختونخوا

پشاور (نمائندہ خصوصی) گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ دہشت گردی کا خاتمہ ہماری پہلی ترجیح ہے، توجہ امن و ترقی پر مرکوز ہے اور سیکیورٹی فورسز کو درکار تمام وسائل فراہم کیے جائیں گے۔

پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ گزشتہ دنوں جو سرکس لگا ہوا تھا، اسے مسترد کرنے پر عوام کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ پاکستان تحریک انصاف کا کنٹینر لاوارث کھڑا ہے، انتظار میں ہوں کہ کوئی آکر اسے لے جائے۔ ہم نے ایک نئے سفر کا آغاز کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پولیس اہلکاروں کو ہتھیاروں کی فراہمی پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔ وہ زمانے گزر گئے جب وفاق اور صوبے کے درمیان کوئی رابطہ نہیں تھا۔ ہماری پالیسیاں اسلام آباد سے آئیں گی، قندھار اور جلال آباد سے نہیں۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے یقین دہانی کرائی ہے کہ سیکیورٹی فورسز کی ضروریات پوری کی جائیں گی۔

گورنر خیبر پختونخوا نے کہا کہ ہماری توجہ امن اور ترقی پر ہے اور وفاق کے ساتھ صوبے کا مقدمہ ہم سب مل کر لڑیں گے۔ صدر اور وزیراعظم جلد صوبے کا دورہ کریں گے اور ہمارے مسائل حل کریں گے۔

فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے سامنے صوبے کے مسائل رکھیں گے، امن و امان پر اب کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا۔ جو کوئی قانون ہاتھ میں لے گا، اسے نتائج بھگتنا ہوں گے۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے آج ہمیں 10 اے پی سی گاڑیاں فراہم کی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ کرپشن کے معاملے میں برداشت کی کوئی گنجائش نہیں ہوگی۔ 13 سال کا گند صاف کرنا ہے اور عوام کو بہت جلد حالات میں فرق نظر آئے گا۔ صوبے میں بدمعاشی اور توڑ پھوڑ کی اجازت نہیں دیں گے۔

گورنر خیبر پختونخوا نے کہا کہ 13 سال اور تین ماہ کی کارکردگی کا فرق دکھائیں گے اور اپنے اقدامات سے جواب دیں گے۔ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کے دور میں اپوزیشن کہتی تھی کہ آئیں، صوبے کا مقدمہ لڑیں۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا ایسی جمہوریت چاہیے جس میں شہریوں کا تحفظ نہ ہو؟ ایسی حکومت نہ ہمیں پہلے پسند تھی اور نہ اب ہے۔ ہم صوبے میں خوشحالی چاہتے ہیں، نہ کہ ایسی جمہوریت جس کی پالیسیاں جلال آباد، کابل یا قندھار سے آتی ہوں۔