راولپنڈی (نامہ نگار) پاکستان اور کویت کے درمیان ’’پروٹوکول معاہدہ 2026‘‘ پر دستخط کردیئے گئے۔ معاہدے کے تحت دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید وسعت دینے اور موجودہ فوجی تعاون کے فریم ورک کو مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔
کویتی وزیر دفاع کی قیادت میں اعلیٰ سطح کے وفد نے وزارتِ دفاع کا دورہ کیا۔ وفد میں کویت فوج کے چیف آف جنرل اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل خالد درج سعد الشریعان بھی شامل تھے۔
کویتی وفد نے وزارتِ دفاع راولپنڈی میں وزیر دفاع خواجہ آصف سے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، سیکیورٹی تعاون اور دفاعی روابط مزید مضبوط بنانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزارتِ دفاع کے مطابق نئے دفاعی تعاون کے معاہدے سے 2023 میں قائم فوجی تعاون کے موجودہ فریم ورک کو مزید وسعت ملے گی۔ معاہدے کے تحت پاک فوج کویت کی مسلح افواج کو مختلف شعبوں میں معاونت فراہم کرے گی۔
معاہدے میں فوجی تربیت، استعدادِ کار میں اضافے، سرحدی انتظام اور دفاعی تعاون کے دیگر باہمی طور پر طے شدہ شعبوں میں تعاون شامل ہے۔وزارتِ دفاع کے مطابق یہ معاہدہ پاکستان اور کویت کے درمیان دیرینہ دفاعی تعلقات، باہمی اعتماد، احترام اور مشترکہ تزویراتی مفادات کا عکاس ہے۔

