مکہ مکرمہ (بیورورپورٹ) بھارتی اداکارہ راکھی ساونت عمرہ کی ادائیگی کیلئےسعودی عرب میں موجود ہیں، جہاں انہیں مکہ مکرمہ میں زائرین میں جائے نماز تقسیم کرتے ہوئے دیکھا گیا۔راکھی ساونت، جنہیں اپنے روحانی سفر کے دوران ’’راکھی فاطمہ‘‘ بھی کہا جا رہا ہے، مکہ مکرمہ میں اپنے قیام اور عبادت کی ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر شیئر کر رہی ہیں۔
وائرل ویڈیو میں راکھی ساونت حجاب پہنے مقدس مقام کے باہر لوگوں میں جائے نماز تقسیم کرتی دکھائی دیتی ہیں۔ اس دوران لوگوں کی بڑی تعداد ان کے گرد جمع ہوگئی اور جائے نماز لینے کیلئے آگے بڑھنے لگی۔بڑھتے ہوئے ہجوم کے باعث راکھی ساونت کو صورتحال سنبھالنے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا اور ویڈیو میں وہ قدرے پریشان اور بے بس دکھائی دیتی ہیں، جبکہ جائے نماز کی تقسیم کے دوران صورتحال کچھ دیر کیلئےبدنظمی کا شکار ہوگئی۔
ویڈیو کے ساتھ ’’اور وہ پھر جسے چاہے سیدھا راستہ دکھا دے‘‘ کا کیپشن بھی درج کیا گیا، جس سے پوسٹ کو روحانی رنگ ملا اور راکھی ساونت کے موجودہ مذہبی سفر کی عکاسی ہوتی ہے۔جائے نماز کی تقسیم کے مناظر نے سوشل میڈیا صارفین کی خاص توجہ حاصل کی ہے۔ بعض صارفین نے راکھی ساونت کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے ان کے مکہ مکرمہ کے روحانی سفر کے پہلو کو بھی قابلِ تعریف قرار دیا۔
راکھی ساونت نے عمرہ کے دوران دیگر جذباتی لمحات بھی سوشل میڈیا پر شیئر کیے ہیں۔ ایک حالیہ ویڈیو میں انہیں خانہ کعبہ کے قریب نیپال کے بحران سے متاثرہ افراد، بالخصوص بچوں، بزرگوں اور جانوروں کے لیے دعا کرتے ہوئے بھی دیکھا گیا۔راکھی ساونت کا مکہ مکرمہ کا دورہ ان مختلف ویڈیوز کے باعث سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے، جن میں خانہ کعبہ کے قریب ان کی دعائیں اور زائرین میں جائے نماز تقسیم کرنے کے دوران بننے والے مناظر شامل ہیں۔

