ٹورنٹو (نمائندہ خصوصی)برامپٹن سینٹر سے سابق رکن پارلیمنٹ رمیش سنگھا نے اونٹاریو لبرل پارٹی کی قیادت کیلئےموجودہ لبرل ایم پی پی لی فیرکلاف کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے پارٹی کے حامیوں سے ان کی حمایت میں پارٹی کی رکنیت حاصل کرنے کی اپیل کی ہے۔
رمیش سنگھا نے اپنے پیغام میں کہا کہ انہیں لی فیرکلاف کی حمایت پر فخر ہے اور وہ ان کی حمایت کیلئے لوگوں سے اونٹاریو لبرل پارٹی کا رکن بننے کی درخواست کرتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ پارٹی کی رکنیت مفت ہے اور اسے حاصل کرنے کیلئےصرف چند منٹ درکار ہیں۔ ان کے مطابق رکنیت حاصل کرنے کیلئےآن لائن فارم مکمل کرنے کے بعد اونٹاریو لبرل پارٹی کی جانب سے موصول ہونے والی تصدیقی ای میل کے ذریعے رکنیت کی توثیق کرنا ہوگی۔
رمیش سنگھا نے کہا کہ ای میل کی تصدیق کے بعد فرد پارٹی کا باضابطہ رکن بن جائیگااور اسے آئندہ قیادت کے انتخاب سے متعلق ووٹنگ اور اپنے علاقے میں ہونے والی پارٹی کی سرگرمیوں سے آگاہ رکھا جائیگا۔
انہوں نے پارٹی کے حامیوں سے لی فیرکلاف کی حمایت میں اپنا کردار ادا کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ مل کر ایک مضبوط اونٹاریو لبرل پارٹی کی تعمیر میں مدد کی جاسکتی ہے۔
لی فیرکلاف اونٹاریو کے Etobicoke—Lakeshore حلقے سے لبرل MPP ہیں اور پارٹی کی آئندہ قیادت کے انتخاب کی امیدوار ہیں۔ قیادت کے انتخاب کا نتیجہ 21 نومبر 2026 کو سامنے آنا ہے۔

