برامپٹن/ٹورنٹو/اسلام آباد (رائٹرز، محکمہ موسمیات پاکستان) رواں سال کا دوسرا سورج گرہن آج 12 اگست کو ہوگا، جس کے دوران گرین لینڈ، آئس لینڈ اور اسپین کے بعض علاقوں میں مکمل سورج گرہن دیکھا جاسکے گا، جبکہ پرتگال کے ایک محدود حصے میں بھی مکمل گرہن کا نظارہ ہوگا۔
کینیڈا میں بھی جزوی سورج گرہن دیکھا جاسکے گا۔ کینیڈا میں گرہن کا آغاز مقامی وقت کے مطابق صبح 8 بج کر 38 منٹ سے ہوگا اور مختلف علاقوں میں یہ شام 4 بج کر 38 منٹ تک جاری رہے گا تاہم اوقات شہر اور صوبے کے لحاظ سے مختلف ہوں گے۔
ٹورنٹو اور برامپٹن سمیت اونٹاریو کے بعض علاقوں میں جزوی سورج گرہن دوپہر کے وقت دیکھا جاسکے گا، جبکہ ملک کے مشرقی اور شمالی علاقوں میں گرہن زیادہ نمایاں ہوگا۔
موسمیات پاکستان کے مطابق سورج گرہن یورپ، افریقا، شمالی امریکا، بحرِ اوقیانوس، بحرِ منجمد شمالی اور بحرالکاہل کے بعض علاقوں میں جزوی طور پر بھی دیکھا جاسکے گا، تاہم پاکستان میں یہ سورج گرہن نظر نہیں آئیگا۔
پاکستانی وقت کے مطابق جزوی سورج گرہن کا آغاز 12 اگست کو رات 8 بج کر 34 منٹ پر ہوگا، مکمل سورج گرہن رات 9 بج کر 58 منٹ پر شروع ہوگا، جبکہ زیادہ سے زیادہ گرہن رات 10 بج کر 46 منٹ پر ہوگا۔ مکمل گرہن رات 11 بج کر 34 منٹ پر ختم ہوگا اور جزوی گرہن کا اختتام 13 اگست کی رات 12 بج کر 58 منٹ پر ہوگا۔
رائٹرز کے مطابق یہ 1999 کے بعد پہلی مرتبہ ہوگا کہ مکمل سورج گرہن براعظم یورپ کے مغربی حصے میں نمایاں طور پر دیکھا جاسکے گا۔ گرہن کا مکمل مرحلہ شمالی اسپین سے گزرتے ہوئے شمال مشرقی پرتگال کے ایک چھوٹے حصے تک پہنچے گا۔
اسپین کے قومی جغرافیائی ادارے کے مطابق 12 اگست 2026ء کا مکمل سورج گرہن آئبیریائی جزیرہ نما میں ایک صدی سے زائد عرصے بعد مکمل طور پر دیکھا جائے گا۔ اسپین میں یہ نادر فلکیاتی منظر شام کے وقت پیش آئے گا۔
برطانیہ، آئرلینڈ اور یورپ کے دیگر وسیع علاقوں میں سورج گرہن جزوی طور پر نظر آئے گا، جبکہ اسپین کے شمالی اور مشرقی علاقوں کے بعض مقامات مکمل گرہن کے راستے میں شامل ہوں گے۔

