قومی خواتین سلیکشن کمیٹی نے پاکستان بمقابلہ زمبابوے ون ڈے سیریز کیلئے 15 رکنی سکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔ تین میچوں پر مشتمل یہ سیریز 4 سے 9 مئی تک نیشنل بینک سٹیڈیم، کراچی میں کھیلی جائے گی۔ تین میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز بھی 12 سے 15 مئی تک اسی مقام پر کھیلی جائیگی، جس کیلئےاسکواڈ کا اعلان بعد میں کیا جائیگا۔
فاطمہ ثناء تینوں ون ڈے میچز میں ٹیم کی قیادت کریں گی۔ یہ سیریز آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ 2025-29 کا حصہ ہے۔ ون ڈے میچز 4، 6 اور 9 مئی کو کھیلے جائیں گے اور ہر میچ کا آغاز پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر 3:30 بجے ہوگا۔ پاکستان ٹیم اس وقت آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ کے پوائنٹس ٹیبل پر دو پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر موجود ہے، اس سے قبل پاکستان ویمن ٹیم نے رواں سال کے آغاز میں جنوبی افریقہ کے خلاف ان کی سرزمین پر ون ڈے سیریز کھیلی تھی۔مومنہ ریاست کو پہلی بار 15 رکنی سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔
زمبابوے کی خواتین ٹیم اپنے پہلے دورۂ پاکستان کے لیے 29 اپریل کو کراچی پہنچے گی۔ دونوں ٹیمیں 30 اپریل سے 3 مئی تک نیشنل بینک سٹیڈیم میں ٹریننگ سیشنز میں حصہ لیں گی۔ ٹی ٹوئنٹی سیریز کے میچز 12، 14 اور 15 مئی کو اسی مقام پر کھیلے جائیں گے اور ہر میچ کا آغاز شام 7:30 بجے ہوگا۔
پاکستان خواتین سکواڈ فاطمہ ثناء (کپتان)، عالیہ ریاض، عائشہ ظفر، ڈیانا بیگ، گل فیروزہ، مومنہ ریاست، منیبہ علی (وکٹ کیپر)، نجیہہ علوی (وکٹ کیپر)، نشرہ سندھو، نتالیہ پرویز، رامین شمیم، صدف شمس، سدرہ امین، سیدہ عروب شاہ اور تسمیہ رباب جبکہ ریزروز میں ارم جاوید، ایمان فاطمہ، سائرہ جبین، طوبیٰ حسن اور عنبر کائنات شامل ہیں۔
عائشہ اشعر (ٹیم منیجر)، وہاب ریاض (ہیڈ کوچ)،عمید آصف (فاسٹ بولنگ کوچ)، عبدالمجید (فیلڈنگ کوچ) عبدالرحمان (اسپن بولنگ کوچ)،عمران فرحت (بیٹنگ کوچ)، محمد ارسلان (میڈیا منیجر)، ولید احمد (اینالسٹ) معین (اسٹرینتھ اینڈ کنڈیشننگ کوچ)، تحریم سمبل (فزیوتھراپسٹ) اور کرن شہزادی (میسیور) ہونگے۔

