زیرِ علاج بیٹی کو وارڈ سے نکالنے پر والد نے چلڈرن اسپتال کی تیسری منزل سے چھلانگ لگا دی

لاہور(نمائندہ خصوصی)لاہور کے چلڈرن اسپتال میں زیرِ علاج بیٹی کے وارڈ سے مبینہ طور پر زبردستی باہر نکالے جانے پر ایک شخص نے اسپتال کی تیسری منزل سے چھلانگ لگا دی، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گیا۔

پولیس کے مطابق 28 سالہ عمران صابر کی بیٹی چلڈرن اسپتال میں زیرِ علاج ہے۔ مبینہ طور پر سیکیورٹی گارڈز نے انہیں وارڈ سے باہر نکال دیا، جس پر وہ دل برداشتہ ہو گئے اور تیسری منزل سے چھلانگ لگا دی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے کے نتیجے میں عمران صابر کی دونوں ٹانگیں ٹوٹ گئیں، جس کے بعد انہیں فوری طور پر جنرل اسپتال منتقل کیا گیا۔جنرل اسپتال انتظامیہ کے مطابق زخمی عمران صابر کو سرجیکل ایمرجنسی میں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے اور ان کی حالت پہلے سے بہتر ہے۔