لندن (نمائندہ خصوصی) پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ سرفراز احمد اور بولنگ کوچ عمر گل کو ذمہ داریوں سے فارغ کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔
ذرائع کے مطابق سرفراز احمد اور عمر گل تیسرے ٹیسٹ تک ٹیم کے ساتھ رہیں گے، جبکہ برمنگھم میں ہونے والے تیسرے ٹیسٹ میں وائٹ بال ہیڈ کوچ مائیک ہیسن کوچنگ اسٹاف کی نگرانی کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ لندن میں چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں کوچنگ اور اسکواڈ میں تبدیلیوں سے متعلق فیصلے کیے گئے۔
ذرائع کے مطابق سری لنکا اور نیوزی لینڈ کے خلاف آئندہ ہوم سیریز میں مائیک ہیسن ٹیسٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کی ذمہ داریاں بھی سنبھالیں گے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ سلمان علی آغا کو بھی تیسرے ٹیسٹ سے قبل اسکواڈ سے ریلیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جبکہ وہ محمد رضوان اور امام الحق کے ساتھ وطن واپس روانہ ہوں گے۔
بعد ازاں پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھی ٹیسٹ اسکواڈ میں تبدیلیوں کا باضابطہ اعلان کردیا، جس کے تحت محمد رضوان، امام الحق، سلمان علی آغا، عامر جمال، علی عثمان، اویس ظفر اور خرم شہزاد کو ریلیز کردیا گیا، جبکہ سرفراز احمد اور عمر گل کو بھی اسکواڈ سے ریلیز کیا گیا۔
پی سی بی کے مطابق مائیک ہیسن اور ایشلے نوفکے کو سپورٹ اسٹاف میں شامل کیا گیا ہے، جبکہ تیسرے ٹیسٹ کے لیے نئے کھلاڑیوں کو اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین ٹیسٹ میچز کی سیریز میں انگلینڈ کو 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے، جبکہ تیسرا اور آخری ٹیسٹ 9 ستمبر سے برمنگھم میں کھیلا جائے گا۔

