سفیر پاکستان کا دورہ اصفہان، دوطرفہ تعاون، تجارت اور ثقافتی روابط بڑھانے پر اتفاق

اصفہان(نمائندہ خصوصی) ایران میں پاکستان کے سفیر عمران احمد صدیقی نے اصفہان کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے گورنر جنرل، میئر، کاروباری برادری اور معروف تعلیمی و طبی اداروں کے اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کیں۔

پاکستانی سفیر نے اصفہان کے گورنر جنرل ڈاکٹر مهدی جمالی‌نژاد سے ملاقات کی اور دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے، خصوصاً سیاحت اور ثقافت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔ گورنر جنرل نے سفارتخانے کی ثقافتی نمائش ’’پاکستان در گذر قرون‘‘ اصفہان میں منعقد کرنے کی تجویز کی حمایت کی۔

عمران احمد صدیقی نے اصفہان کے میئر ڈاکٹر علی قاسم زادہ سے بھی ملاقات کی۔ میئر نے پاکستان سے اپنی خصوصی وابستگی کا اظہار کرتے ہوئے اصفہان اور پاکستان کے مختلف شہروں کے درمیان تعلقات اور شہری سطح پر تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔

پاکستانی سفیر نے اصفہان چیمبر آف کامرس کے صدر امیر کشانی اور کاروباری برادری کے ایک بڑے وفد سے بھی ملاقات کی، جس میں تجارت، باہمی روابط اور ترسیل کے نظام سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر سفیر پاکستان نے دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کو آسان بنانے کیلئے پاکستان کی کوششوں پر روشنی ڈالی، جبکہ سفارتخانے کے کمرشل قونصلر نے شرکاء کو آئندہ ماہ کراچی میں منعقد ہونے والی اے جی 2026 نمائش کے بارے میں آگاہ کیا۔

عمران احمد صدیقی نے اصفہان یونیورسٹی آف میڈیکل سائنسز کے صدر ڈاکٹر شاہین شیرانی اور اصفہان یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی کے صدر ڈاکٹر سید ظفراللہ کلانتری سے بھی ملاقاتیں کیں اور تعلیمی، سائنسی اور ادارہ جاتی تعاون بڑھانے کے امکانات کا جائزہ لیا۔

پاکستانی سفیر نے ارم طبی مرکز کا دورہ بھی کیا، جہاں انہیں مرکز میں فراہم کی جانے والی طبی خدمات اور علوم طب کے شعبے میں تعاون بڑھانے کے امکانات کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔پاکستانی سفیر کا دورہ اصفہان مختلف شعبوں میں پاکستان اور اصفہان کے درمیان تعاون کو آگے بڑھانے اور دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ و عوامی روابط مزید مضبوط بنانے کا موقع فراہم کرتا ہے۔