سمرلینڈ کے بیشتر علاقوں سے انخلا کا حکم ختم، 150 عمارتوں کو نقصان یا تباہی کا تخمینہ

سمرلینڈ، برٹش کولمبیا (سی بی سی، کینیڈین پریس، کیلونا کیپ نیوز) برٹش کولمبیا کے شہر سمرلینڈ کے بیشتر علاقوں میں رہائشیوں کو ایک ہفتے سے زائد عرصے بعد گھروں کو واپس جانے کی اجازت دے دی گئی، جبکہ بالڈ رینج جنگلاتی آگ کے باعث تقریباً 150 عمارتوں کے متاثر یا تباہ ہونے کا ابتدائی تخمینہ لگایا گیا ہے۔

سمرلینڈ کے میئر ڈگ ہومز نے سی بی سی کے پروگرام ڈے بریک ساؤتھ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ ایک ہفتے سے جس خبر کا سب کو انتظار تھا، وہ بالآخر آگئی ہے۔

حکام کے مطابق منگل کی صبح 7 بجے سمرلینڈ کی 3 ہزار 380 جائیدادوں سے انخلا کا حکم ختم کرکے انہیں انخلا کے الرٹ میں تبدیل کردیا گیا، جس کے بعد ان علاقوں کے رہائشی گھروں کو واپس جاسکتے ہیں۔

تاہم گارنٹ ویلی، پریری ویلی اور میڈو ویلی کی تقریباً 530 جائیدادیں اب بھی انخلا کے حکم کے تحت ہیں۔ دیگر تمام رہائشیوں کو انخلا کے الرٹ پر رکھا گیا ہے اور انہیں کسی بھی وقت دوبارہ علاقہ چھوڑنے کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

میئر ڈگ ہومز کے مطابق مذکورہ علاقوں میں زمین کی ڈھلوانوں کے استحکام کا جائزہ جیو ٹیکنیکل ماہرین کی جانب سے کیے جانے تک انہیں غیر محفوظ سمجھا جارہا ہے، جبکہ گارنٹ ویلی میں بجلی کی فراہمی بھی بحال نہیں ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ لوگوں کو واپسی کے لیے انتظار کرنا پڑا اور انہیں بھی اس صورتحال پر مایوسی تھی، تاہم حکام کو تمام اقدامات مناسب اور منظم انداز میں مکمل کرنا تھے۔

دریں اثنا پانی کی صفائی کا پلانٹ بند ہونے کے باعث سمرلینڈ میں پانی ابال کر استعمال کرنے کی ہدایت برقرار ہے۔ شہر کا لینڈ فل بھی آگ کی لپیٹ میں ہے، جس کے باعث کچرا ریجنل ڈسٹرکٹ کی ایک دوسری تنصیب پر منتقل کیا جائے گا۔

ریجنل ڈسٹرکٹ آف اوکاناگن سملاکین کے مطابق ابتدائی جائزے میں بالڈ رینج فائر سے تقریباً 150 عمارتوں کو نقصان پہنچنے یا تباہ ہونے کا اندازہ لگایا گیا ہے، جن میں سے تقریباً 40 عمارتیں سمرلینڈ میونسپل حدود میں ہیں۔ حکام نے واضح کیا ہے کہ یہ ابتدائی تخمینہ ہے اور نقصان کا جائزہ مکمل ہونے کے بعد تعداد تبدیل ہوسکتی ہے۔

حکام نے بتایا کہ جن افراد کی املاک کو نقصان پہنچا ہے، ان سے سماجی کارکنوں اور کونسلرز نے رابطہ کیا اور بعض متاثرین کو انخلا کا حکم ختم ہونے سے پہلے اپنی املاک دیکھنے کا موقع بھی دیا گیا۔

منگل تک 214 مربع کلومیٹر پر پھیلی بالڈ رینج آگ کو اب بھی قابو سے باہر قرار دیا گیا ہے۔ فائر فائٹرز نے آگ کو جنوبی اور مشرقی اطراف میں قائم کنٹرول لائنوں کے پیچھے روکنے میں کامیابی حاصل کی ہے، جبکہ اب توجہ آگ کے مغربی حصے پر مرکوز ہے جہاں اب بھی آگ کی سرگرمی جارحانہ ہے۔

واضح رہے کہ بالڈ رینج جنگلاتی آگ 7 اگست کو شروع ہوئی تھی اور تیزی سے پھیلنے کے بعد سمرلینڈ سمیت اوکاناگن کے متعدد علاقوں سے ہزاروں افراد کو انخلا کرنا پڑا تھا۔ آگ کے نتیجے میں ایک 80 سالہ خاتون بھی جاں بحق ہوئی تھیں۔