“شہنشاہ ظرافت”اداکار منور ظریف کی برسی29 اپریل کو منائی جائیگی

لاہور(کلچرل ڈیسک)فلم انڈسٹری کے نامور مزاحیہ اداکار منور ظریف کی برسی 29 اپریل کو عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جائیگی اوران کے مداح اور فلمی حلقے مختلف تقریبات اور دعائیہ اجتماعات کا اہتمام کریں گے۔

منور ظریف 2 فروری 1940 کو گوجرانوالہ میں پیدا ہوئے۔ وہ معروف کامیڈین ظریف کے بھائی تھے۔ انہوں نے اپنے فلمی کیریئر میں 300 سے زائد اردو اور پنجابی فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے اور پاکستانی فلم انڈسٹری میں مزاح کو نئی پہچان دی۔ان کی مشہور فلموں میں بنارسی ٹھگ، جیرا بلیڈ، موج میلہ، شوقن میلے دی، منجی کتھے ڈاہواں، دامن اور چنگاری، چکر باز، ہمراہی، بدتمیز اور نوکر و وہٹی دا شامل ہیں۔

منور ظریف نے اداکار رنگیلا کے ساتھ کامیاب جوڑی بنائی، جسے فلمی دنیا میں بے حد پسند کیا گیا۔ دونوں کی جوڑی کو اس دور کی کامیاب ترین مزاحیہ جوڑیوں میں شمار کیا جاتا ہے اور انہیں “شہنشاہ ظرافت” کا خطاب بھی دیا گیا۔منور ظریف نے صرف 36 سال کی عمر پائی اور 29 اپریل 1976 کو لاہور میں انتقال کر گئے۔ ان کی برسی پر مداح اور فنکار برادری ان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرے گی۔