صدر اور وزیراعظم کی ملاقات، پی ٹی آئی سے مذاکرات کیلئے مشترکہ وفد تشکیل

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے وزیراعظم شہباز شریف نے ایوانِ صدر میں ملاقات کی، جس میں ملک کی مجموعی سیاسی اور امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ پی ٹی آئی قیادت سے مذاکرات کیلئے وفاقی حکومت اور پیپلز پارٹی کا مشترکہ وفد تشکیل دے دیا گیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مشترکہ وفد کل پی ٹی آئی قیادت سے ملاقات کرے گا اور موجودہ سیاسی صورتحال پر مذاکرات کرے گا۔

وفاقی حکومت کی جانب سے وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ اور وفاقی وزیر امیر مقام وفد میں شامل ہوں گے، جبکہ پیپلز پارٹی کی نمائندگی سینیٹر شیری رحمان، سید نوید قمر اور اعجاز جکھرانی کریں گے۔

ملاقات میں خیبر پختونخوا میں امن و امان کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا گیا، صدر مملکت اور وزیراعظم نے ملکی سلامتی کی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف قومی عزم مزید مضبوط بنانے اور ملک کے امن و استحکام کیلئے تمام متعلقہ اداروں کے درمیان مؤثر تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔

ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ، وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ، اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان، وزیراعظم کے مشیر ڈاکٹر توقیر شاہ، سینیٹر شیری رحمان، سینیٹر سلیم مانڈوی والا، سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن اور صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ بھی شریک تھے۔