ضمنی الیکشن، پی ایس 30 پر پیپلز پارٹی کے اسفندیار کھرل کامیاب

خیرپور (اے پی پی)سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 30 خیرپور-V کے ضمنی انتخاب میں پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کے امیدوار بیرسٹر اسفندیار خان کھرل نے کامیابی حاصل کرلی۔

ریٹرننگ افسر کی جانب سے جاری فارم 47 کے مطابق اسفندیار خان کھرل نے 48 ہزار 986 ووٹ حاصل کرکے پہلی پوزیشن حاصل کی، جبکہ دوسرے نمبر پر رہنے والے امیدوار نے 1200 سے زائد ووٹ حاصل کیے۔

حلقہ پی ایس 30 خیرپور-V کی نشست سندھ اسمبلی کے رکن نعیم احمد کھرل کے 21 جون 2026 کو انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔ سندھ اسمبلی نے بھی ان کے انتقال کے بعد نشست خالی ہونے کی باضابطہ تصدیق کی تھی۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے جولائی میں نعیم احمد کھرل کے بھتیجے بیرسٹر اسفندیار کھرل کو ضمنی انتخاب کے لیے پارٹی کا امیدوار نامزد کیا تھا۔

ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ 16 اگست 2026 کو ہوئی۔ حلقے میں مجموعی طور پر 2 لاکھ 54 ہزار 980 رجسٹرڈ ووٹرز تھے، جن میں ایک لاکھ 33 ہزار 37 مرد اور ایک لاکھ 21 ہزار 943 خواتین ووٹرز شامل تھے۔

حلقے میں 164 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے تھے، جن میں 53 مردوں، 52 خواتین اور 59 مشترکہ پولنگ اسٹیشنز شامل تھے۔ انتخابی عمل کے دوران 64 پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس، 68 کو حساس جبکہ 32 کو نارمل قرار دیا گیا تھا۔

پی ایس 30 خیرپور-V کا حلقہ گمبٹ اور صوبہ دیرو سمیت ضلع خیرپور کے مختلف علاقوں پر مشتمل ہے۔ یہ ضمنی انتخاب نعیم احمد کھرل کے انتقال کے بعد منعقد کیا گیا، جو 2024 کے عام انتخابات میں اس حلقے سے پیپلز پارٹی کے امیدوار کی حیثیت سے کامیاب ہوئے تھے۔