عاقب جاوید کی بیٹی عقبہ عاقب نے برطانیہ میں شادی کرلی

لندن (نمائندہ خصوصی) پاکستان کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر عاقب جاوید کی صاحبزادی عقبہ عاقب برطانیہ میں رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوگئیں۔سابق فاسٹ بولر عاقب جاوید کی اہلیہ اور مصنفہ فرزانہ عاقب نے بیٹی عقبہ کی شادی کی چند تصاویر اپنے فیس بک صفحے پر شیئر کرکے شادی کی اطلاع دی ہے۔

تصاویر میں عقبہ کو سفید گاؤن میں دیکھا جاسکتا ہے، جبکہ دولہا غیر ملکی شہری معلوم ہوتا ہے جو تھری پیس سوٹ میں ملبوس ہے۔ تصاویر میں دونوں کے ہاتھوں پر ٹیٹو بھی نظر آرہے ہیں۔فرزانہ عاقب نے تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ان کی بیٹی کی شادی 9 اگست کو برطانیہ میں ہوئی ہے۔

واضح رہے کہ عقبہ نے تقریباً تین سے چار سال قبل یونیورسٹی آف سسیکس سے میڈیا اور بین الاقوامی صحافت میں گریجویشن مکمل کی تھی۔

فرزانہ عاقب اپنی انگریزی شاعری اور ادبی کام کے حوالے سے معروف ہیں۔ ان کے فیس بک صفحے پر 3 لاکھ سے زائد فالوورز ہیں، جبکہ وہ انگریزی شاعری کی 70 سے زائد کتابیں تصنیف کرچکی ہیں اور کئی بین الاقوامی ادبی اعزازات حاصل کرچکی ہیں۔

فرزانہ عاقب نے ایک کتاب میں اسلامی تاریخ کو انگریزی شاعری کے ذریعے بھی پیش کیا ہے۔عاقب جاوید پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کوچ رہ چکے ہیں اور اس وقت قومی ٹیم کی سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین بھی ہیں۔