لندن (سپورٹس ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سابق کپتان عمران خان کے بیٹوں کے اسکائی اسپورٹس پر نشر ہونے والے انٹرویو کے خلاف باضابطہ شکایت درج کرادی۔
برطانوی اخبار کے مطابق پی سی بی نے لارڈز میں پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ٹیسٹ کے پہلے روز لنچ بریک کے دوران نشر کیے گئے انٹرویو پر انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) سے باضابطہ احتجاج کیا۔
رپورٹس کے مطابق پی سی بی نے احتجاجاً لنچ بریک کے بعد پاکستانی ٹیم کو دوبارہ میدان میں نہ بھیجنے کے آپشن پر بھی غور کیا، تاہم مختصر تاخیر کے بعد انٹرویو نشر کردیا گیا اور پاکستانی ٹیم دوبارہ میدان میں آگئی۔
انٹرویو سابق انگلش کپتان اور اسکائی اسپورٹس کے موجودہ براڈکاسٹر مائیک ایتھرٹن نے کیا، جس میں عمران خان کے بیٹوں سلیمان خان اور قاسم خان نے اپنے والد کی صحت کے حوالے سے خدشات کا اظہار کیا۔
لارڈز ٹیسٹ کے پہلے روز نشر ہونے والے اس انٹرویو نے پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان جاری سیریز میں ایک نیا تنازع کھڑا کردیا۔پی سی بی نے تاحال اس معاملے پر باضابطہ عوامی بیان جاری نہیں کیا، تاہم رپورٹس کے مطابق انٹرویو نشر ہونے کے بعد انگلش کرکٹ بورڈ کے سامنے شکایت باضابطہ طور پر اٹھائی گئی۔

