نیو جرسی( فیفا ورلڈ کپ)فیفا ورلڈ کپ کے ایک دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے میں فرانس نے سینیگال کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے شکست دے کر اہم کامیابی حاصل کر لی۔
میچ کے پہلے ہاف میں دونوں ٹیموں نے جارحانہ کھیل پیش کیا، تاہم متعدد مواقع ملنے کے باوجود کوئی بھی ٹیم گول کرنے میں کامیاب نہ ہو سکی اور وقفے تک مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر رہا۔
دوسرے ہاف میں فرانس نے کھیل کا رخ اپنے حق میں موڑ لیا اور 66ویں منٹ میں کیلیان ایم باپے نے شاندار گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلائی۔ 82ویں منٹ میں بریڈلے بارکولا نے ایک اور گول کرکے فرانس کی سبقت دوگنی کر دی۔
انجری ٹائم میں سینیگال کے ابراہیم بایئے نے گول کرکے خسارہ کم کیا، تاہم میچ کے آخری لمحات میں ایم باپے نے اپنا دوسرا اور ٹیم کا تیسرا گول اسکور کرکے فرانس کی تین ایک سے فتح یقینی بنا دی۔
فرانس کی جانب سے کیلیان ایم باپے نے دو جبکہ بریڈلے بارکولا نے ایک گول اسکور کیا، جبکہ سینیگال کی جانب سے واحد گول ابراہیم بایئے نے کیا۔
ایونٹ میں آج مزید دو اہم میچ بھی کھیلے جائیں گے، جن میں عراق کا مقابلہ ناروے سے پاکستانی وقت کے مطابق رات تین بجے ہوگا، جبکہ دفاعی چیمپئن ارجنٹینا کی ٹیم الجزائر کے مدمقابل آئے گی، یہ میچ صبح چھ بجے شروع ہوگا۔

