فیفا سیریز فٹبال: موریطانیہ نے پاکستان کو 1-0 سے شکست دے دی

ابیجان(سپورٹس ڈیسک)فیفا سیریز فٹبال میں موریطانیہ فٹبال ٹیم نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان فٹبال ٹیم کو 1-0 سے شکست دے دی۔

آئیوری کوسٹ میں کھیلے گئے میچ میں پاکستانی ٹیم نے بھرپور مقابلہ کیا اور خاص طور پر آخری لمحات میں گول برابر کرنے کی کوشش کی، تاہم کامیابی حاصل نہ کر سکی۔

میچ کا واحد اور فیصلہ کن گول موریطانیہ کے کھلاڑی گنگوئی نے پہلے ہاف کے 20ویں منٹ میں اسکور کیا، جو میچ کا فیصلہ کن لمحہ ثابت ہوا۔

فیفا سیریز میں شامل ٹیمیں 16 اپریل تک ایک دوسرے کے مدمقابل آئیں گی، جبکہ پاکستان اپنا آخری گروپ میچ میزبان آئیوری کوسٹ فٹبال ٹیم کے خلاف 16 اپریل کو کھیلے گا۔یاد رہے کہ پاکستان نے اپنے پہلے میچ میں ٹرکس اینڈ کیکوس آئی لینڈز فٹبال ٹیم کو 8-0 سے شکست دی تھی۔