فلاڈیلفیا،میامی ( فیفا، اے ایف پی، رائٹرز)فیفا ورلڈکپ کے گروپ کے کے آخری میچوں میں کانگو نے ازبکستان کو 3-1 سے شکست دے دی، جبکہ پرتگال اور کولمبیا کے درمیان مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر رہا۔
گروپ مرحلے کے آخری روز کھیلے گئے میچ میں ازبکستان نے شومورودوف کے گول کی بدولت ابتدائی برتری حاصل کی، تاہم دوسرے ہاف میں کانگو نے شاندار واپسی کرتے ہوئے تین گول داغ کر میچ اپنے نام کر لیا۔
کانگو کی جانب سے ویسا نے دو گول اسکور کیے، جبکہ ایک گول میلیے نے بنایا۔ اس کامیابی کے بعد کانگو نے ناک آؤٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا، جہاں راؤنڈ آف 32 میں اس کا مقابلہ انگلینڈ سے ہوگا۔
میامی میں کھیلے گئے گروپ کے دوسرے میچ میں پرتگال اور کولمبیا کے درمیان سخت مقابلہ ہوا، تاہم دونوں ٹیمیں کوئی بھی گول کرنے میں ناکام رہیں اور میچ بغیر کسی گول کے برابر ختم ہوا۔
پرتگال کے اسٹار کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو میچ میں خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے اور متعدد کوششوں کے باوجود اپنی ٹیم کے لیے گول نہ کر سکے۔
گروپ مرحلہ پانچ پوائنٹس کے ساتھ دوسری پوزیشن پر ختم کرنے والی پرتگال کی ٹیم اب ناک آؤٹ مرحلے میں کروشیا کا سامنا کرے گی، جبکہ کولمبیا کی ٹیم گھانا کے خلاف میدان میں اترے گی۔

