سیئول(بین الاقوامی میڈیا)فیفا ورلڈ کپ میں جنوبی کوریا کی ٹیم کے گروپ مرحلے سے باہر ہونے کے بعد قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ ہونگ میونگ بو نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا، جبکہ صدر لی جے میونگ نے ٹیم کی ناقص کارکردگی کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔
جنوبی کوریا کو امید تھی کہ وہ بہترین تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیموں میں شامل ہو کر ناک آؤٹ مرحلے میں جگہ بنا لے گا، تاہم ایسا نہ ہو سکا اور ٹیم پہلے مرحلے ہی میں ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئی، جس کے بعد اسے شدید تنقید کا سامنا ہے۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ہونگ میونگ بو نے عوام اور شائقین سے معذرت کی اور کہا کہ ٹیم وہ نتائج دینے میں ناکام رہی جس کی مداحوں کو توقع تھی۔ انہوں نے شکست کی مکمل ذمہ داری قبول کرتے ہوئے اپنے عہدے سے استعفیٰ دینے کا اعلان کیا۔
دوسری جانب جنوبی کوریا کے صدر لی جے میونگ نے قومی ٹیم کی مایوس کن کارکردگی کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ورلڈ کپ کے گروپ مرحلے میں عالمی درجہ بندی میں 32ویں نمبر پر موجود جنوبی کوریا نے تین میچوں میں ایک کامیابی حاصل کی جبکہ اسے دو مقابلوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا، جس کے باعث وہ اگلے مرحلے میں رسائی حاصل نہ کر سکا۔

