فیفا ورلڈ کپ: صومالی ریفری عمر ارتان کو امریکا میں داخلے سے روک دیا گیا

موغادیشو( اے ایف پی، غیر ملکی میڈیا)فیفا ورلڈ کپ میں فرائض انجام دینے کے لیے روانہ ہونے والے صومالی ریفری عمر ارتان کو امریکا میں داخلے کی اجازت نہیں دی گئی۔

صومالیہ کی وزارتِ کھیل کے ایک مشیر نے فرانسیسی خبر رساں ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ایوارڈ یافتہ ریفری عمر ارتان کو ورلڈ کپ کے سلسلے میں امریکا میں داخل ہونے سے روک دیا گیا، حالانکہ انہیں ٹورنامنٹ کے لیے مقررہ میچز میں ذمہ داریاں سونپی گئی تھیں۔

مشیر کے مطابق عمر ارتان فیفا ورلڈ کپ میں صومالیہ کی نمائندگی کرنے والے پہلے صومالی ریفری ہیں، تاہم انہیں اپنے طے شدہ میچز میں شرکت کا موقع نہیں مل سکا۔

صومالی حکام کا کہنا ہے کہ عمر ارتان کو میچز میں فرائض انجام دینے سے روکنا نہ صرف ان کے لیے ذاتی نقصان ہے بلکہ یہ کھیل کی روح اور فٹبال کے عالمی اصولوں کے بھی منافی اقدام ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اس فیصلے سے عالمی سطح پر صومالیہ کی نمائندگی بھی متاثر ہوئی ہے۔