فیفا ورلڈ کپ: لیونل میسی کی ہیٹ ٹرک، ارجنٹینا کی الجزائر کو تین صفر سے شکست

کنساس سٹی( فیفا ورلڈ کپ)فیفا ورلڈ کپ 2026 میں دفاعی چیمپئن ارجنٹینا نے اپنے پہلے میچ میں الجزائر کو صفر کے مقابلے میں تین گول سے شکست دے دی، جبکہ لیونل میسی نے شاندار ہیٹ ٹرک کر کے کئی نئے ریکارڈ اپنے نام کر لیے۔

38 سالہ لیونل میسی نے ورلڈ کپ میں اپنے ریکارڈ چھٹے ایڈیشن کا آغاز یادگار انداز میں کیا اور فیفا ورلڈ کپ کی تاریخ میں اپنی پہلی ہیٹ ٹرک مکمل کی۔ اس کے ساتھ ہی وہ ورلڈ کپ میں 16 گول کر کے جرمنی کے سابق اسٹرائیکر میروسلاو کلوزے کے ہم پلہ مشترکہ ٹاپ اسکورر بھی بن گئے۔

کنساس سٹی میں کھیلے گئے میچ کے آٹھویں منٹ میں میسی نے گیند جال میں پہنچائی، تاہم آف سائیڈ قرار دیے جانے کے باعث گول مسترد کر دیا گیا۔ اس کے چند ہی دیر بعد میسی نے اپنے مخصوص انداز میں شاندار انفرادی موو مکمل کرتے ہوئے باکس کے باہر سے طاقتور شاٹ پر گول کر کے ارجنٹینا کو برتری دلا دی۔

دوسرے ہاف میں 60ویں منٹ پر الیکسس میک ایلسٹر کے شاٹ پر گول کیپر سے ری باؤنڈ ہونے والی گیند کو میسی نے آسانی سے جال میں پہنچا کر اپنی ٹیم کی برتری دوگنی کر دی۔

76ویں منٹ میں لیونل میسی نے باکس کے باہر سے زبردست شاٹ لگا کر اپنی ہیٹ ٹرک مکمل کی اور ارجنٹینا کی فتح کو یقینی بنا دیا۔ تین منٹ بعد انہیں میدان سے باہر بلایا گیا تو شائقین نے کھڑے ہو کر بھرپور انداز میں ان کا استقبال کیا۔

الجزائر کی ٹیم میچ میں خاطر خواہ مزاحمت نہ کر سکی، اگرچہ نویں منٹ میں فارس شعیبی کا ایک گول آف سائیڈ قرار دے کر مسترد کر دیا گیا۔واضح رہے کہ ارجنٹینا نے گزشتہ ورلڈ کپ میں بھی افتتاحی میچ سعودی عرب کے خلاف ہارا تھا، تاہم اس بار لیونل میسی کی شاندار کارکردگی نے دفاعی چیمپئن کو فاتحانہ آغاز دلایا۔