فیفا ورلڈ کپ میں زیدان اقبال کے بوٹس پر پاکستانی شناخت نمایاں ہوگی

نیو جرسی(فیفا ورلڈ کپ)فیفا ورلڈ کپ 2026 میں عراق کی نمائندگی کرنے والے پاکستانی نژاد برطانوی فٹبالر زیدان اقبال اپنے بوٹس پر پاکستان اور عراق دونوں ممالک کے پرچم نمایاں کریں گے، جس کے ذریعے وہ اپنی دوہری شناخت کا اظہار کریں گے۔

عراق اور ناروے کے درمیان میچ میں میدان میں اترتے ہی زیدان اقبال فیفا ورلڈ کپ کھیلنے والے پہلے پاکستانی نژاد فٹبالر بن جائیں گے، جو پاکستانی فٹبال کے لیے ایک تاریخی لمحہ تصور کیا جا رہا ہے۔

زیدان اقبال کے والد کا تعلق پاکستان جبکہ والدہ کا تعلق عراق سے ہے، جبکہ ان کی پیدائش برطانیہ کے شہر مانچسٹر میں ہوئی۔ وہ بین الاقوامی سطح پر عراق کی نمائندگی کر رہے ہیں لیکن اپنی پاکستانی شناخت کو بھی فخر کے ساتھ اجاگر کر رہے ہیں۔

زیدان اقبال کے دائیں فٹبال بوٹ پر پاکستان اور بائیں بوٹ پر عراق کا پرچم نمایاں ہوگا۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ دونوں شناختوں کو یکساں اہمیت دیتے ہیں اور دونوں ممالک ان کے لیے خصوصی حیثیت رکھتے ہیں۔

ایک انٹرویو میں زیدان اقبال نے کہا کہ ان کے والد پاکستانی ہیں اور وہ ان کی زندگی کی سب سے قابل احترام شخصیت ہیں، جنہوں نے ان کے فٹبال کیریئر میں بھرپور رہنمائی اور تعاون کیا۔

انہوں نے کہا کہ وہ امید کرتے ہیں کہ ورلڈ کپ میں ان کی شرکت پاکستانی بچوں اور نوجوانوں کے لیے حوصلہ افزا ثابت ہوگی اور انہیں بھی عالمی سطح پر کھیلنے کا خواب پورا کرنے کی ترغیب ملے گی۔