فیفا ورلڈ کپ 2026: پہلی بار ہاف ٹائم شو شامل، گلوکار پرفارم کرینگے

زیورخ/نیویارک( فیفا، عالمی میڈیا رپورٹس)دنیا کے سب سے بڑے فٹبال ایونٹ فیفا ورلڈ کپ میں پہلی بار میچ کے دوران خصوصی موسیقی پروگرام پیش کیا جائے گا۔فیفا نے تصدیق کی ہے کہ 19 جولائی 2026 کو نیو جرسی کے میٹ لائف اسٹیڈیم میں ہونے والے ورلڈ کپ فائنل میں سپر بول طرز کا ’’ہاف ٹائم شو‘‘ منعقد ہوگا۔

رپورٹس کے مطابق معروف گلوکارہ شکیرا، امریکی گلوکارہ میڈونا اور جنوبی کوریا کے معروف میوزک گروپ بی ٹی ایس اس تاریخی شو میں پرفارم کریں گے۔دوسری جانب فیفا نے ورلڈ کپ 2026 کے کلب بینیفٹ پروگرام کی تفصیلات بھی جاری کردی ہیں، جس کے تحت ٹورنامنٹ میں شریک کھلاڑیوں کے کلبوں کو فی کھلاڑی یومیہ 11 ہزار ڈالر ادا کیے جائیں گے۔

یہ رقم کھلاڑی کے اپنی قومی ٹیم کو جوائن کرنے سے لے کر قومی ٹیم کے آخری میچ تک دی جائے گی، جبکہ اس پروگرام کیلئے355 ملین ڈالر مختص کیے گئے ہیں۔فیفا کے مطابق اگر کسی کلب کا کھلاڑی گروپ مرحلے ہی میں ٹورنامنٹ سے باہر ہوجائے تب بھی متعلقہ کلب کو کم از کم ڈھائی لاکھ ڈالر ملیں گے، جو پاکستانی کرنسی میں 7 کروڑ روپے سے زائد بنتے ہیں۔