تہران (نمائندہ خصوصی) علاقائی امن و استحکام کے فروغ کیلئےپاکستان کی کوششوں کے سلسلے میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ایران پہنچ گئے، جہاں انہوں نے ایرانی اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے ہمراہ وزیر داخلہ محسن نقوی بھی ایران گئے ہیں۔

تہران میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی سے ملاقات ہوئی۔آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اپنے دورۂ ایران کے دوران مشرقِ وسطیٰ میں جاری تنازع کے حل، کشیدگی میں کمی اور علاقائی امن و استحکام کیلئےپاکستان کی کوششوں کو آگے بڑھانے پر توجہ مرکوز رکھیں گے۔
بعد ازاں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان، رہبرِ اعلیٰ کے نمائندے محسن رضائی، ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر باقر قالیباف، وزیر خارجہ اور دیگر اعلیٰ حکام سے بھی ملاقاتیں کیں۔ملاقاتوں میں کشیدگی میں مزید اضافے کی روک تھام، آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے اور تنازع کے جلد خاتمے کے لیے اقدامات پر جامع تبادلۂ خیال کیا گیا۔

ایرانی قیادت نے مذاکرات، کشیدگی میں کمی اور تنازع کے پُرامن حل میں سہولت کاری کے لیے پاکستان کے تعمیری کردار اور مخلصانہ کوششوں کو سراہا۔آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا دورۂ ایران مکمل ہوگیا۔

