لانگ مارچ ختم ہو تو قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہوسکتی ہے: بلاول بھٹو

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سیاسی مسائل کا حل مذاکرات کے ذریعے تلاش کرنا ہوگا، لانگ مارچ ختم ہو تو قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہوسکتی ہے۔

ایک بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ حکومت نے سیاسی مسائل کے حل کے لیے اپوزیشن سے مذاکرات کی تجویز مان لی ہے، سیاسی مسائل کا حل سیاسی انداز میں ہی تلاش کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی اختلافات کا حل مذاکرات کے ذریعے نکالنا ہوگا، مذاکرات اپوزیشن کی جانب سے غیر مشروط طور پر لانگ مارچ ختم کرنے پر منتج ہونے چاہئیں۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی دہشت گردی کے خلاف ہر آئینی راستہ اختیار کرنے کے لیے پرعزم ہے، دہشت گردی کے خلاف قومی اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گرد گروپوں کو پڑوسی ممالک سے فعال حمایت مل رہی ہے، لاحق خطرات سے مل کر نمٹنا ہوگا۔