لاڑکانہ(نامہ نگار)لاڑکانہ کے علاقے سر کٹیو پیر میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران ایک مطلوب ملزم اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گیا۔
پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے ملزم کی شناخت رفیق چانڈیو کے نام سے ہوئی ہے، جو چند ہفتے قبل پولیس اہلکار مجیب الرحمٰن کے قتل میں ملوث تھا۔ اس واقعے میں ایک اور پولیس اہلکار زخمی بھی ہوا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مبینہ مقابلے کے دوران ملزم اپنے ساتھیوں کی فائرنگ کی زد میں آ گیا اور موقع پر ہی ہلاک ہو گیا، جبکہ اس کے دیگر ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
پولیس کے مطابق رفیق چانڈیو ڈکیتی، اغوا برائے تاوان، پولیس مقابلوں اور دیگر سنگین جرائم کے متعدد مقدمات میں مطلوب تھا۔ واقعے کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے تاکہ فرار ملزمان کو گرفتار کیا جا سکے۔

