لاہور:پاکستان کے سابق کپتان سرفراز احمد نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا

لاہور(پاکستان کرکٹ بورڈ،سپورٹس ڈیسک)پاکستان کے سابق کپتان سرفراز احمد نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔سرفراز احمد نے پاکستان کیلئے54 ٹیسٹ، 117 ون ڈے اور 61 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے، جن میں انہوں نے مجموعی طور پر 6164 رنز بنائے، وکٹوں کے پیچھے 315 کیچز اور 56 اسٹمپنگز کیں۔

انہوں نے پاکستان کی 100 انٹرنیشنل میچز میں قیادت کی اور انہی کی کپتانی میں پاکستان نے 2017 میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی جیتی۔ ان کی قیادت میں پاکستان ٹی ٹوئنٹی میں عالمی نمبر ایک پر بھی پہنچا۔

سرفراز احمد پاکستان کے واحد کپتان ہیں جنہوں نے جونیئر اور سینئر سطح پر آئی سی سی ٹائٹل جیتا اور انہیں 2018 میں پرائڈ آف پرفارمنس سے نوازا گیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی نمائندگی کرنا ان کے لیے سب سے بڑا اعزاز رہا، اور وہ ہر ممکن طریقے سے کھیل کی خدمت جاری رکھیں گے۔