لاہور(پولیس، خبر ایجنسیاں) لاہور کے علاقے ٹاؤن شپ میں چوری اور فراڈ کے الزام میں گرفتار کی گئی دو خواتین انتقال کر گئی ہیں۔ پولیس کے مطابق دونوں خواتین کی طبیعت پولیس اسٹیشن منتقلی کے دوران اچانک خراب ہوئی اور اسپتال منتقل کیے جانے کے باوجود انہیں بچایا نہ جاسکا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ایمرجنسی 15 پر موصول ہونے والی اطلاع کے بعد آپریشنز ونگ نے کارروائی کرتے ہوئے دونوں خواتین کو حراست میں لیا تھا۔ مدعیان کی درخواست پر ان کے خلاف چوری اور دھوکا دہی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔
پولیس کے مطابق دونوں خواتین کی طبیعت بگڑنے پر فوری طور پر ریسکیو 1122 کو طلب کیا گیا، جس نے انہیں اسپتال منتقل کیا۔ اسپتال پہنچنے پر ڈاکٹروں نے ایک خاتون کے انتقال کی تصدیق کی، جبکہ دوسری خاتون بھی کچھ دیر بعد دم توڑ گئی۔
پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق دونوں خواتین کی موت منشیات کے زیادہ استعمال کے باعث ہوئی۔ تاہم موت کی حتمی وجہ کا تعین پوسٹ مارٹم اور دیگر قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد کیا جائے گا۔
پولیس کے مطابق دونوں خواتین کے خلاف پہلے بھی متعدد مقدمات درج تھے اور وہ منشیات استعمال کرتی تھیں۔ مقدمہ درج کیے جانے کے بعد انہیں مزید کارروائی کیلئے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کیا گیا تھا۔

