لاہور (اسپورٹس رپورٹر)لاہور میں منعقدہ اوپن نیشنل لیول ٹور دی لاہور سائیکل ریس میں محمد شکیل جٹ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلی پوزیشن حاصل کرلی اور سونے کا تمغہ اپنے نام کرلیا۔
ریس کا آغاز پنجاب اسٹیڈیم سے ہوا جو شہر کی مختلف شاہراہوں سے گزرتے ہوئے لبرٹی گول چکر پر اختتام پذیر ہوئی۔ 53 کلومیٹر طویل یہ ریس ایک گھنٹہ 34 منٹ میں مکمل کی گئی۔
ریس کی ایک منفرد بات یہ بھی رہی کہ فاتح سائیکلسٹ محمد شکیل جٹ کے صاحبزادے محمد شیراز شکیل جٹ نے بھی مقابلے میں حصہ لیا اور بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ساتویں پوزیشن حاصل کی۔
تقریب کے اختتام پر محمد شکیل جٹ نے ریس کے منتظمین، آفیشلز اور کھیلوں کے منتظمین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کے مقابلے سائیکلنگ کے فروغ اور نئے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

