لاہور: غیر ملکی خواتین سے مبینہ زیادتی و اغوا کیس، گرفتار ملزمان کا مزید 5 روزہ جسمانی ریمانڈ

لاہور(نمائندہ خصوصی)مقامی عدالت نے غیر ملکی خواتین سے مبینہ زیادتی اور اغوا کے مقدمے میں گرفتار تین ملزمان کا مزید 5 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے انہیں دوبارہ پولیس کے حوالے کر دیا۔

لاہور کینٹ کچہری میں جوڈیشل مجسٹریٹ اظہر محمود نے پولیس کی درخواست پر کیس کی سماعت کی۔ پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر پولیس نے ملزمان کو عدالت میں پیش کیا۔دورانِ سماعت تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان کا میڈیکل مکمل ہو چکا ہے، تاہم کیس میں مزید ریکوری ہونا باقی ہے۔

اس پر جوڈیشل مجسٹریٹ نے استفسار کیا کہ ملزمان سے کون سی اشیا برآمد کرنا باقی ہیں، جس پر تفتیشی افسر نے بتایا کہ ملزمان سے سونے کی انگوٹھی اور گھڑی برآمد کی جانی ہے۔گرفتار ملزمان رضوان، ناصر اور نواز کو ماسک پہنائے ہوئے عدالت میں پیش کیا گیا۔ ان کے خلاف تھانہ ڈیفنس سی میں مقدمہ درج ہے۔