لاہور (سپورٹس ڈیسک)پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز لاہور قلندرز نے اپنے کپتان شاہین شاہ آفریدی پر سیکیورٹی کی خلاف ورزی کے باعث 10 لاکھ روپے جرمانہ عائد کردیا ہے۔فرنچائز کے جاری اعلامیے کے مطابق واقعے پر ایکشن لیتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا اور اس حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ کو بھی آگاہ کردیا گیا ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ معاملے کی اندرونی طور پر مکمل تحقیقات کی گئیں، واقعہ ہوٹل میں پیش آیا جسے بڑھا چڑھا کر اور حقائق سے ہٹ کر پیش کیا گیا۔مزید کہا گیا کہ یہ معاملہ کسی دانستہ خلاف ورزی کے بجائے غلط فہمی کا نتیجہ تھا، تاہم احتساب اور ڈسپلن کو مدنظر رکھتے ہوئے کارروائی کی گئی ہے۔لاہور قلندرز نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ فرنچائز سیکیورٹی پروٹوکولز کا مکمل احترام کرتی ہے۔

