لاہور (سپورٹس ڈیسک)پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کا تربیتی کیمپ لاہور کے ایل سی سی اے گراؤنڈ میں جاری ہے، جہاں دوسرے روز بھی کھلاڑیوں کے درمیان مختلف صورتحال پر مبنی پریکٹس میچ کھیلا گیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق آئرلینڈ میں شیڈول سہ ملکی سیریز اور ویمن ورلڈ کپ کی تیاریوں کے سلسلے میں قومی کھلاڑی بھرپور ٹریننگ میں مصروف ہیں۔کیمپ میں مینٹور وہاب ریاض کی نگرانی میں کھلاڑیوں نے فزیکل ٹریننگ سیشن میں حصہ لیا جبکہ کوچنگ اسٹاف نے مختلف اہداف کے ساتھ سیناریو میچ کا انعقاد کیا۔

ٹریننگ کے دوران وکٹوں کے درمیان تیز دوڑ، پاور ہٹنگ اور میچ کی مختلف صورتحال میں بہتر حکمت عملی اپنانے پر خصوصی توجہ دی گئی۔ وہاب ریاض نے خود ویمن بیٹرز کو بولنگ کرائی جبکہ اسپن بولرز نے بھی بیٹرز کو بھرپور پریکٹس کروائی۔
قومی بیٹر عائشہ ظفر کا کہنا تھا کہ زمبابوے کے خلاف حالیہ سیریز میں کامیابی سے ٹیم کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آنیوالے مقابلوں میں مضبوط ٹیموں کا سامنا ہوگا، اسلئےہر میچ میں منصوبہ بندی اور حریف کی حکمت عملی کے مطابق کھیلنا ضروری ہے۔

